آزاد کشمیر الیکشن : صدر اور وزیراعظم پیپلز پارٹی کا، پھر دھاندلی کیسے ہوئی؟ امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی ہوئی، صدر آپ کا، وزیراعظم آپ کا، وزراء آپ کے، پھر کیسے دھاندلی ہوئی، الیکشن نتائج تسلیم کریں، اب رونے دھونے کا وقت نہیں۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے باغ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حویلی کے بعد باغ میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کردیا ہےکہ کشمیری عوام مسلم لیگ (ن) اور قائد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔نواز شریف جلسے میں موجود نہیں،تاہم ان کے کارکنوں نے ان کی غیرموجودگی میں بھی عوامی حمایت ثابت کردی ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ آج باغ میں مسلم لیگ ن نے اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے،پیپلز پارٹی والے آ کر دیکھیں کہ باغ کے عوام کس کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسی کا حق چھیننا نہیں چاہتی ہے اور نہ ہی اپنا حق چھیننے دےگی۔ماضی میں بھی جب کسی جماعت کو حکومت بنانے کےلیے مطلوبہ اکثریت حاصل ہوئی تو مسلم لیگ (ن) نے اس کے مینڈیٹ کا احترام کیا۔ اب دوسروں کو بھی اسی جمہوری رویے کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی کہتی ہے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی ہوئی، صدر آپ کا،وزیر اعظم آپ کا،وزراء آپ کے،پھر کیسے دھاندلی ہوئی،الیکشن نتائج تسلیم کریں،اب رونے دھونے کا وقت نہیں۔
امیر مقام کاکہنا تھاکہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کی ترقیاتی پالیسیوں پر اعتماد کیا،عوام نے نوازشریف، شہبازشریف اور مریم نواز کی عوامی خدمت پر اعتماد کا اظہار کیا،صرف الزامات لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے : رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ثابت کردیا کہ وہ نوازشریف کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی سوچے کہ کشمیریوں نے اسے کیوں مسترد کیا۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت دو تہائی اکثریت کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کےلیے کام کرے گی اور باغ کے مسائل کےلیے مرکز میں بھی آواز بلند کی جائے گی۔
