صدر مملکت نے فنانس بل کی منظوری دیدی،کل سےنافذالعمل ہوگا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مالی سال 2025-26 کے فنانس بل کی منظوری دے دی، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے فنانس بل کی پارلیمانی منظوری کے بعد آئینی تقاضے کے تحت اسے ایوانِ صدر بھجوایا تھا، جہاں صدر نے آج باقاعدہ طور پر اس پر دستخط کر دیئے۔
فنانس بل کی منظوری کے عمل میں قومی اسمبلی نے حکومت کی جانب سے پیش کی گئی 10 مکمل اور 2 ذیلی ترامیم منظور کیں، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے دی گئی 78 ترامیم کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
صدر مملکت کی توثیق کے بعد فنانس بل 2025-26 باضابطہ طور پر قانون بن گیا ہے، اور اس پر فوری عمل درآمد کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس بل کے نفاذ کے ساتھ ہی مختلف ٹیکسوں اور مالی پالیسیوں میں تبدیلیاں عمل میں آئیں گی، جو آئندہ مالی سال کے دوران ملکی معیشت پر نمایاں اثرات ڈال سکتی ہیں۔