صدرمملکت کی میجرعدنان،معیزعباس شہید کے گھرآمد،اہل خانہ سےتعزیت

آصف علی زرداری کی شہیدمیجر عدنان اسلم اور میجر سید معیز عباس شاہ کے گھرآمد،شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑ کر شہید ہونے والے دونوں افسران کی جرات، قیادت اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے دونوں افسران کی قربانیاں اعلیٰ ترین روایات کی عکاس ہیں، پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے اسپیشل سروس گروپ سے تعلق رکھنے والے میجر عدنان اسلم 2 ستمبر کو بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد دوران علاج شہید ہو گئے تھے۔
میجر سید معیز عباس شاہ 24 جون کو جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران شہادت کے رتبے پر فائض ہوئے تھے۔
