پریس کلب واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی ، طلال چوہدری

اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب پر پولیس کے دھاوے اور صحافیوں پر تشدد کے واقعے پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ صحافیوں نے نیشنل پریس کلب پر پولیس ایکشن کے خلاف پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا، اور ہم اس پر معذرت خواہ ہیں۔ "پارلیمنٹ صحافیوں کے بغیر ادھوری ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کی آزادی پر حکومت کا مکمل یقین ہے۔ "وزیر داخلہ کی ہدایت پر میں پریس کلب گیا اور صحافیوں سے غیر مشروط معافی مانگی۔ جو بھی واقعے میں ملوث ہوگا، اس کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔”

سینیٹر عرفان صدیقی نے نیشنل پریس کلب پر چھاپے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پریس کلبز صحافت کے ایوان ہوتے ہیں اور ان کے تقدس کی پامالی ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کسی صورت جائز نہیں۔ تحقیقات کا فیصلہ خوش آئند ہے، مگر اسے محض رسمی کارروائی نہ بنایا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور تحقیقاتی عمل میں صحافی تنظیموں کو بھی شریک کیا جائے۔

Back to top button