حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کا اضافہ کردیا

وفاقی حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق،یہ اضافہ اوگرا اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کےمطابق، ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر، جب کہ پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکا اطلاق فوری طور پر ہوگیاہے۔
ذرائع کےمطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں ڈھائی روپے کاربن لیوی عائد کردی گئی ہے۔پیٹرول پر لیوی کم کر کے 75 روپے 52 پیسے فی لیٹر کردی گئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 74 روپے 51 پیسے مقرر کر دی گئی۔
خیال رہے کہ اوگرا نے قیمتوں میں رد و بدل کی سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی جس کےبعد وفاقی وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کیا۔
ذرائع کےمطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیاگیا ہے۔