وزیراعظم غزہ امن معاہدے کی تقریب میں شرکت کے لیے مصر پہنچ گئے

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف مصر کے شہر شرم الشیخ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تاریخی تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔
ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی پاکستانی وفد کا حصہ ہیں۔ شرم الشیخ ایئرپورٹ پر مصر کے وزیر ڈاکٹر اشرف صبحی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں اس معاہدے کو مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ موقع صدر عبدالفتاح السیسی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور کوششوں کے بغیر ممکن نہ ہوتا۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کی امن کے لیے مستقل جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے خونریزی اور تباہی کے باب کو بند کیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام ایک آزاد ریاست کے حقدار ہیں، جو 1967 کی سرحدوں پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
غزہ امن معاہدے پر دستخط کی یہ تقریب عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس میں مختلف ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔ وزیراعظم کی اس تقریب میں شرکت پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی عکاسی کرتی ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف مذاکرات اور انصاف پر مبنی حل سے ہی ممکن ہے، اور پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا۔
