وزیر اعظم نے 27 ویں ترمیم کی حمایت کی درخواست کی ہے : بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی سے مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کےلیے تعاون اور حمایت کی درخواست کی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا وفد صدر آصف علی زرداری اور مجھ سے ملاقات کےلیے آیا تھا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے 27 ویں ترمیم کی حمایت کی درخواست کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے بتایاکہ مجوزہ 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی اور ججوں کے تبادلوں کا اختیار جیسے نکات شامل ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے این ایف سی میں صوبائی حصے کے تحفظ کا خاتمہ، آرٹیکل 243 میں ترمیم، تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات کی وفاق کو واپسی اور الیکشن کمیشن کی تقرری کے تعطل کے خاتمے سے متعلق شقیں بھی شامل ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بتایاکہ اس معاملے پر پارٹی پالیسی طے کرنے کےلیے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 6 نومبر کو صدر آصف علی زرداری کی دوحہ سے واپسی کے بعد طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 20 اور 21 اکتوبر 2024 کو سینیٹ اور قومی اسمبلی 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دےچکے ہیں۔قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ترمیم پیش کی تھی، جس کے حق میں 225 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ 12 نے مخالفت کی۔اس سے قبل سینیٹ میں بھی یہ ترمیم 65 ووٹوں سے منظور اور 4 کے خلاف مسترد کی گئی تھی۔
