وزیراعظم نے انسانی جانیں بچانے والے غذر کے ہیروز کو مدعو کرلیا

 

 

 

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں قیمتی انسانی جانیں بچانے والے مقامی ہیروز کو خصوصی خراج تحسین پیش کرنے کےلیے اسلام آباد مدعو کیا ہے۔

غذر کے چرواہے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو ان کی جرات و فرض شناسی کے اعتراف میں وزیر اعظم ہاؤس بلایا گیا،جہاں انہیں خصوصی انعام دیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ وصیت خان، انصار اور محمد خان حقیقی قومی ہیرو ہیں،جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر سینکڑوں زندگیاں بچاکر قربانی اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

وزیر اعظم نے مزید کہاکہ ان بہادر فرزندان وطن پر نہ صرف مجھے بلکہ پوری قوم کو فخر ہے۔

 

واضح  رہے کہ چرواہے وصیت خان نے گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دے کر تالی داس گاؤں کے درجنوں مکانات خالی کروائے۔اس اطلاع کی بدولت تقریباً 200 افراد محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ اگرچہ بعد میں آنے والے سیلاب سے خالی مکانات متاثر ہوئے، تاہم قیمتی انسانی جانیں محفوظ رہیں۔

قبل ازیں ڈی آئی جی پولیس کی جانب سے وصیت خان کو 10 ہزار روپے انعام اور تعریفی سند بھی دی جا چکی ہے۔

 

Back to top button