وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق جنرل عامر رضا اس سے قبل چیف آف جنرل سٹاف کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ وزیراعظم نے انہیں ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
جنرل عامر رضا نے 1988 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجوایٹ ہیں، جبکہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف نوٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں۔
انہیں جنوری 2025 میں چیف آف جنرل سٹاف، جی ایچ کیو مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سمیت مختلف اہم عسکری ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان آرمی، ایئرفورس اور نیوی (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے تحت کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا نیا عہدہ متعارف کرایا گیا تھا۔ اسی قانون سازی کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیا۔
یہ نیا کمانڈ ڈھانچہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی(سی جے سی ایس سی) کے عہدے کے خاتمے کے بعد تشکیل دیا گیا۔ جنرل شمشاد مرزا اس منصب پر خدمات انجام دینے والے آخری افسر تھے، جن کے بعد یہ عہدہ ختم کر دیا گیا۔
امریکا کا پاکستان، چین سمیت 60 سے زائد ممالک پر نئے درآمدی ٹیرف نافذ
ترمیم شدہ قانون کے مطابق وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف کی سفارش پر حاضر سروس فور سٹار جنرلز میں سے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا تقرر تین سال کی مدت کے لیے کریں گے، جبکہ چیف آف آرمی سٹاف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز کے فرائض بھی انجام دیں گے۔
