وزیر اعظم 25 سے 30 مئی تک ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کے دورے کریں گے

وزیر اعظم محمد شہبازشریف 25 سے 30 مئی تک ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کے دورے کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سےجاری اعلامیے کےمطابق دورے میں وزیراعظم شہباز شریف ان ممالک کےرہنماؤں کےساتھ دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی اوربین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورے میں بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کےدوران پاکستان کی حمایت پر دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم 29 سے 30 مئی تک تاجکستان کےدارالحکومت دوشنبہ میں گلیشیئرز پربین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہےکہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جاالزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا تھا۔
بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات، اہم دارالحکومتوں میں پاکستانی مؤقف سامنے رکھنے پر تبادلہ خیال
پاکستان کی مسلح افواج نے 6 مئی کی رات گئے کیےجانے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں منہ توڑ جواب دیا، بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیارے مارےگرائے تھے جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
10 مئی کو پاکستان نےبھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ (آہنی دیوار) شروع کردیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں، 10 مئی کی شام پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا تھا، جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےایکس پرایک پوسٹ میں کیا تھا۔
17 مئی کو وزیر اعظم شہبازشریف نےایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورجنوبی ایشیا میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایران کی مخلصانہ اور برادرانہ سفارتی کوششوں پر صدرپیزشکیان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
پاکستان کےقریبی دوست ممالک میں شمار ہونے والے ترکیہ اور آذربائیجان کا بھارتی انتہاپسندوں کی جانب سے بائیکاٹ کیا گیا، ہزاروں بھارتیوں نےدونوں ممالک کے سیاحتی دورے منسوخ کردیے تھے۔