پی ایس ایل کا اعزاز،دنیاکی دوسری دلچسپ لیگ قرار

بی بی سی نے پی ایس ایل کو دنیا کی دوسری سب سے زیادہ تفریح فراہم کرنے والی کرکٹ لیگ قرار دیا ہے، جو عالمی درجہ بندی میں صرف انڈین پریمیئر لیگ سے پیچھے ہے۔

بی بی سی اسپورٹس نے ’’فرم کریک وِز‘‘ کے تعاون سے ٹی ٹوئنٹی اور دیگر مختصر فارمیٹ کی بڑی فرنچائز لیگوں کا تجزیہ کیا، جن میں آئی پی ایل، جنوبی افریقہ کی ایس اے 20، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل)، کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل)، یو اے ای کی انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) اور انگلینڈ کی دی ہنڈرڈ شامل تھیں۔

جائزے میں کارکردگی اور تفریحی معیار کے متعدد عوامل کو مدنظر رکھا گیا، جیسے فی میچ چوکے اور چھکوں کی اوسط، بیٹنگ اسٹرائیک ریٹ، میچ کے آخری اوور یا گیند پر فیصلہ ہونے کی شرح، ہوم ایڈوانٹیج کا اثر، وکٹیں لینے کا رجحان، اور پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں کے بین الاقوامی تجربے (انٹرنیشنل کیپس) کی اوسط۔

اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایل نے فی میچ پہلی اننگز میں سب سے زیادہ اوسط اسکور (180 رنز) بنایا، جو آئی پی ایل کے 179 رنز سے معمولی زیادہ ہے۔ 27.5 فیصد پی ایس ایل میچز کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، جو آئی پی ایل کے 28.9 فیصد کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ چوکے اور چھکوں کی اوسط میں بھی پی ایس ایل کا دوسرا نمبر رہا۔

Back to top button