پی ٹی آئی پیچھے ہٹ گئی، لاہور کی ریلی منسوخ

نگران پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز طلب کرنے کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے 8 مارچ کو بھی لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا جب کہ انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کرنے کے بعد پولیس نے کریک ڈاؤن کیا جس کے دوران ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دفعہ 144 غیر قانونی طور پر صرف اور صرف پی ٹی آئی کی انتخابی مہم پر لگائی گئی ہے جب کہ لاہور میں دیگر تمام عوامی سرگرمیاں جاری ہیں۔ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ صرف زمان پارک کو کنٹینرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گھیر رکھا ہے، واضح طور پر 8 مارچ کی طرح پنجاب کے وزیراعلیٰ اور پولیس تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں تاکہ اسے پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مزید جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور انتخابات ملتوی کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے تو انتخابی سرگرمیوں پر دفعہ 144 کیسے لگائی جا سکتی ہے؟ میں تمام پی ٹی آئی ورکرز سے کہہ رہا ہوں کہ اس جال میں نہ پھنسیں، اس لیے ہم نے ریلی کل تک ملتوی کر دی ہے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے آج انتخابی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی ریلی کا روٹ پی ایس ایل کے میچ بلکل مختلف ہے، عمران خان کے خوف سے پورے شہر کو کنٹینرز کے ساتھ بند کر دینا ایک غیر جمہوری عمل ہے، کارکنان پرامن رہیں اور ہر کسی صورت مشتعل نا ہوں۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا تھا کہ دفعہ 144 صرف آج کے دن کے لیے ہے، اگر حالات خراب ہوئے تو اس کی مدت کو مزید بڑھا سکتے ہیں، دفعہ 144 کے تحت لاہور میں کسی بھی قسم کی ریلی نکالنے پر پابندی ہوگی، پنجاب حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ خان صاحب کو مشورہ ہے کہ وہ پرہیز کریں کیونکہ ان کا علاج بھی چل رہا ہے اور ہماری دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں، پلستر اترنے پر خان صاحب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

قبل ازیں نگران وزیر اطلاعت پنجاب عامر میر کا کہنا تھا کہ 12 مارچ کو لاہور میں پی ایس ایل کا میچ ہے، آج لاہور میں میراتھن ریس اور سائیکل ریس کے بھی ایونٹس ہے، ان تمام ایونٹس کا فیصلہ ایک ماہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے، لیکن عمران خان نے اچانک سے ان ایونٹس کے باوجود سیاسی ریلی کا اعلان کر دیا، اس سے قبل بھی شہر میں میچ اور عورت مارچ تھا تو انہوں نے ریلی کا اعلان کیا تھا۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو دفعہ 144 کو آگے بڑھا دیا جائے گا، انتخابی مہم 6 اپریل سے شروع ہوگی اور اس سے پہلے جو بھی ہے اسے سیاسی سرگرمی کے طور پر لیا جائے گا۔۔

اسحاق ڈار نے تمام سیاسی جماعتوں میثاق معیشت کی دعوت دیدی

Back to top button