مخصوص نشستوں سےمحروم پی ٹی آئی کا ارکان سے حلف نامہ لینےکافیصلہ

مخصوص نشستوں سے محروم ہونے کے بعدتحریک انصاف نے ارکان اسمبلی سے حلف لینےکا فیصلہ کرلیا۔

 تحریک انصاف مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد اراکین کی ممکنہ وفاداری تبدیل ہونے کے خدشے کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر اپنے اراکین اسمبلی سے وفاداری کا حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں مخصوص نشستوں کے معاملے اور خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوگی، جب کہ اراکین سے یہ تحریری حلف نامے لیے جائیں گے کہ وہ کسی دوسری جماعت میں شامل نہیں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی خیبر پختونخوا اسمبلی کے 35 آزاد حیثیت رکھنے والے اراکین سے بھی باقاعدہ حلف لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات کے بعد بھی اپنے اراکین اسمبلی سے وفاداری کے حلف نامے لیے تھے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی میں سیاسی توازن بدل چکا ہے اور اب اپوزیشن کو حکومت گرانے کے لیے صرف آٹھ ووٹ درکار ہیں۔

پی ٹی آئی قیادت کو اندیشہ ہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد بعض آزاد اراکین پر دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دباؤ یا ترغیب دی جا سکتی ہے، جس تناظر میں یہ ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے۔

Back to top button