پی ٹی آئی نے پی آئی اے کا بیڑہ غرق کیا،قانون کاسامناکرناپڑیگا،احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف نے پی آئی اے کا بیڑہ غرق کیا،قانون کاسامنا کرنا پڑے گا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدرات سینیٹ کا اجلاس منعقد ہو۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراحسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے انتخابی نشان کسی نے نہیں چھینا، ان کو الیکشن کمیشن نے بارہا یاددہانی کرائی کہ آپ اپنے پارٹی انتخابات کرائیں ورنہ آپ کا نشان چھن سکتا ہے۔ پی ٹی آئی نے تین سال سے پارٹی الیکشن نہیں کرائے،اوراپنےانتخابی نشان کو چھینے جانے کے لیے اپنی سازش خود تیار کی۔

سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سےشور شرابا جاری رہا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ الیکشن میں التوا ہوا، 18-2017 میں فیصلہ ہوا تھا کہ نئی مردم شماری کی جائے گی، انہوں نے 2019 میں نہیں کی، 2020 اور 2022 تک نہیں کی، اس لیےجب ہم حکومت میں آئے تو ہمیں ڈیجیٹل رائے شماری کرنی پڑی، اس مردم شماری کی وجہ سے انتخابی عمل متاثر ہوا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نےکہا کہ پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ معیشت درست نہیں ہوئی، میں قائد حزب اختلاف سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کے خیال میں معیشت کی درستگی یہ ہے کہ آپ معیشت کودیوالیہ کرکےاور آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کر جائیں جو ملک کی مالی خودمختاری داؤ پر لگا دے تو پھر یہ معیشت کی درستگی آپ ہی کو مبارک ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر معیشت کی درستگی یہ ہے کہ آپ سی پیک کا منصوبہ تباہ کر چلے جائیں تو یہ معیشت کی درستگی آپ ہی کو مبارک ہو۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ یہ پاکستان کےمجرم ہیں، کہ جن کی وجہ سے پی آئی اے کی یورپ، امریکا اورلندن کی پروازوں پر پابندی لگی، یہ وہ نالائق اور نااہل ہیں، جنہوں نے پاکستان کی قومی ایئر لائن کا بیڑہ غرق کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کےخلاف تحقیقات ہوں گی اور پی آئی اے اور شہری ہوائی بازی کو تباہ کرنے کےالزام میں ان کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ملک میں ایف ڈی آئی نہیں آرہی، تو شبلی فراز سن لیں، چین سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آچکی ہے، اور سی 5 کی صورت میں پاکستان کا 1200 میگا واٹ کا سب سے بڑے نیوکلیئر پاور اسٹیشن پر کام شروع ہو چکا ہے۔

Back to top button