آئی سی سی نےچیمپئنزٹرافی کا نیا پرومو جاری کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نےپاکستان میں ہونےوالےچیمپئنز ٹرافی2025 کانیاپرومو جاری کردیا۔

 پروموشنل ویڈیو میں قومی ٹیم کےسابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کو دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں سوئنگ کےسلطان وسیم اکرم چیمپئنزٹرافی کے فاتح کھلاڑیوں کو ملنے والی سفید جیکٹ کی تعریف کرتےدکھائی دےرہےہیں۔

پرومو میں وسیم اکرم نے سفید جیکٹ کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو چیمپیئنز کے سفر کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔

منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 8 سال بعد ہوگی، 2017 میں ہونے والے آخری ایڈیشن میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

چیمپئنز ٹرافی کے براڈکاسٹرز کی جانب سے بھی ایک پرومو جاری کیا گیا تھا، اسٹار اسپورٹس کی جانب سے یوٹیوب چینل پر جاری پرومو میں بھارت کے موجودہ اور سابق کپتان (روہت شرما اور ویرات کوہلی) سے ویڈیو کا آغاز کیا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی کے پرومو میں جنوبی افریقہ کے ڈی کاک اور ریزا ہینٹرکس، آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، انگلینڈ کے جوفرا آرچر، پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور بھارت باؤلر جسپریت بمرا کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہوگا جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئین پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کھیلا جائے گا۔

ابتدائی مرحلے کیلئےٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم گروپ مرحلے کے 3 میچ کھیلے گی اور ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی جب کہ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان  نے آئی سی سی کےساتھ معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے،لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

Back to top button