پی ٹی آئی کا2مطالبات حکومت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف نے مشاورت کے بعد 2 مطالبات حکومت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جوڈیشل کمیشن بنانے اور قیدیوں کی رہائی کے مطالبے پر مشاورت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف تحریری طور پر دو ہی مطالبات حکومتی ٹیم کے سامنے رکھے گی، پی ٹی آئی9 مئی اور26 نومبر واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کاتحریری مطالبہ رکھے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف جیلوں میں بند اپنے کارکنوں کی رہائی کا تحریری مطالبہ سامنے رکھے گی۔
تحریک انصاف اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات 2جنوری کو ہوں گے۔
دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھاکہ حکومت سے ہمارے مذاکرت 2 تاریخ کو ہوں گے جس کے لیے اپنی مذاکرتی ٹیم سے مشاورت کررہے ہیں اورآپس کی ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات واضح ہیں اور بانی کی رہائی سمیت کمیشن بنایا جائے، ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ تمام مذاکرتی ٹیم کے ارکان اگلی نشست کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہےکہ23دسمبر کو حکومت اور اپوزیشن نے مستقبل میں مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تھا ۔حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا راؤنڈ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا تھا۔جس کی سربراہی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی، مذاکرات میں حکومتی اتحاد کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، عرفان صدیقی ، رانا ثناءاللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار شامل ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ اپوزیشن کی طرف سے اسد قیصر، حامد رضا، علامہ ناصر عباس مذاکراتی کمیٹی کا حصہ تھے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور کمیٹی کا آئندہ اجلاس 2 جنوری کو بلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔