پی ٹی آئی کی تحریک شروع ہوئی تومسلح ہوکرآئیں گے،علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کیلئےاس بار تحریک میں مسلح ہوکر آئیں گے اور گولی کا جواب گولی سے دیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب ہمارا صبر جواب دے گیا، اب تحریک شروع ہوگئی، سڑکوں پر آئیں گے۔علی الاعلان کہتے ہیں پچھلی بار ہم نہتے تھے، اب ہم ہتھیار لے کر آئیں گے، ہم نے گولیاں کھائیں، اب اگر ہمیں گولی ماریں گے تو ہم بھی ماریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے صحافیوں سے کہاکہ ’آپ میرا یہ والا کلپ کاٹ لو گے، چلا لیا کریں، کوئی فرق نہیں پڑتا، میں کہتا ہوں ناں۔ جب ہم اسلام آباد آتے ہیں تو پورے پنجاب کی پولیس یہاں لے آتے ہیں، اب میں اس پہاڑ سے آؤں، اُس پہاڑ سے آؤں، میں کوئی خندق یا سرنگ کھودوں، یہ میں بتاؤں گا نہیں تاکہ ان کو پتا ہی نہ ہو میں کہاں سے آرہا ہوں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ’میرے مذہب اور آئین نے مجھے اجازت دی ہے کہ میں اپنا دفاع کروں گا، میرے پیسے سے خریدی ہوئی گولی اگر مجھے ماری جائے گی تو میں حق رکھتا ہوں کہ ایسے بندے کو میں بھی گولی سینے میں ماروں، ہمارے سے سینے میں گولی ہوگی، ان سب کی کمر پرگولی ہوگی۔ جو بھی شخص دنیا کے کسی بھی کونے میں عمران خان کے لیے آواز اٹھا رہا ہے ہم اس کے ساتھ ہیں، سمندر پار پاکستانی آواز اٹھائیں، آپ کو تو یہ گولیاں بھی نہیں مارسکتے کیوں کہ یہ غلام ہیں ان ملکوں کے، یہ ان کے پاؤں پکڑتے ہیں۔