پی ٹی آئی کا لاہور،پنجاب میں احتجاج کاپلان تبدیل

عمران خان کی اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے بعد تحریک انصاف کی قیادت کا لاہور اور پنجاب کے لیے احتجاج پلان تبدیل کردیاگیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف لاہور کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز لاہور میں احتجاج کریں گے۔پی ٹی آئی لاہور کی قیادت اور کارکن 32 چوک میں احتجاج کریں گے۔
جنرل سیکرٹری تحریک انصاف سلیمان اکرم راجہ لاہور میں احتجاج کو لیڈ کریں گے کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے24 نومبر کااحتجاج منسوخ کرنےپرغور شروع کردیا ہے۔پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کےپیش نظر 24 نومبر کے احتجاج کو منسوخ کرنے اوربشریٰ بی بی کےپیدا کردہ تنازع پر غور کیا۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں شامل کچھ رہنماؤں کےمطابق کمیٹی کے ارکان کی اکثریت عدالت کے فیصلے کی روشنی میں24 نومبر کےاحتجاجی مارچ کو منسوخ کرنےکےحق میں تھی،ان کا مؤقف تھاکہ حکومت سےبات چیت کو آگے بڑھنےدینا چاہیے۔
سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ یہ آپشن (احتجاج کی کال ختم کرنےاور بات چیت میں آگے بڑھنے)عمران خان کو پیش کیےجائیں تاکہ وہ اس پر کوئی فیصلہ کریں۔ سیاسی کمیٹی کی سفارش کےبعد پارٹی رہنماؤں کا وفد عمران خان سےملاقات کےلیے اڈیالہ جیل گیا تاہم ان کی ملاقات نہ ہوسکی۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نےاحتجاجی مارچ کے معاملےپر بات چیت کےلیےپشاور میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہاکہ اگرچہ وہ سیاسی کمیٹی کے رکن نہیں لیکن عدالت کے فیصلےکو چیلنج کرنے کےلیے پارٹی میں بات چیت ہو رہی ہے۔
بشریٰ بی بی کے سعودی عرب سے متعلق ویڈیو بیان سے پیدا ہونے والے سنگین تنازع پر پارٹی ذرائع کاکہنا ہےکہ سیاسی کمیٹی کے بیشتر ارکان خوش نہیں تھےاور انہوں نے اس کی مخالفت میں بات کی تاہم وہ بشریٰ بی بی کےبیان کو کھل کر مسترد کرنے کا فیصلہ نہ کرسکے،کچھ رہنماؤں نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی کو چاہیےکہ وہ بشریٰ بی بی کے بیان سےفاصلہ اختیار کریں اور خاتون کو اپنا دفاع کرنےدینا چاہیے تاہم،اس بات کا فیصلہ بھی نہ ہوسکا۔
