پنجاب: سیلاب زدہ علاقوں میں سکول بند کرنے پر غور، ہنگامی اقدامات کا فیصلہ

پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ اس حوالے سے اہم فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ صدارت پی ڈی ایم اے کے اجلاس میں زیرِ بحث آیا۔

اجلاس میں ریلیف کمشنر پنجاب، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شرکت کی، جب کہ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔

اجلاس میں "کلینک آن وہیلز” کو فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی طرف روانہ کرنے کا حکم دیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی تاکہ بچوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے اجلاس میں ننکانہ، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دریائی بیلٹ کے علاقوں کو فوری طور پر خالی کرانے کی ہدایات دی گئیں، جب کہ جھنگ اور چنیوٹ کو بچانے کے لیے رواز پل پر حفاظتی شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ ولیجز قائم کرنے اور تمام اضلاع کے میڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Back to top button