کوئٹہ،خود کش حملے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید، 6 دہشتگردمارے گئے

کوئٹہ میں حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، خودکش دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے،خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

کوئٹہ حالی روڈ پر واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔

خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ دھماکے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ دیگر ہسپتالوں سے زخمیوں کے حوالے سے معلومات جمع کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کی کارروائی میں ایف سی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایاگیا، ایف سی اہلکاروں نے بہادری سےمقابلہ کیا اور 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، تمام دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب پیش آیا، دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی۔

دھماکے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں طویل فاصلے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بھارتی پراکسی کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

Back to top button