سیزفائرکی خلاف ورزی ہوئی توبھارت کیلئےجواب تیارہے،آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ اگر بھارت نے سیزفائرکی خلاف ورزی کرنےکی کوشش کی تو ہمارا بھرپور جواب تیارہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی صورت میں تیز اور یقینی جواب کا عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ جو بھی ہماری سرزمین، سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرے گا، ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا۔ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقت ہیں لہٰذا سنگین کشیدگی تباہی کا باعث ہو گی، اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جنگ کا محاذ کھڑا کر سکتا ہے تو یہ خطے میں تباہی کا باعث ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا جیسے ممالک جوہری خطرات کے پیش نظر بھارت کے عزائم کو بخوبی جان چکے ہیں۔ بھارت اس مسئلے کو "اندرونی” معاملہ قرار دے کر فوج کی بڑی تعداد میں موجودگی کے ساتھ کشمیریوں کو "ہراساں” کر رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہوگا۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت اس بات پر ناراض ہے کہ امریکا اس بحران کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے، امریکا کے لیے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ بھارت پر کتنا دباؤ ڈال سکتا ہے۔