سعد رضوی عوام کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگئے : ڈی آئی جی آپریشنز

 

 

 

 

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا ہےکہ احتجاج کے دوران سربراہ ٹی ایل پی سعد رضوی عوام کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ اگر سعد رضوی کو گولی لگی ہےیا وہ زخمی ہیں تو بتائیں ریاست خود اُن کاعلاج کرائے گی۔

 

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سعد رضوی جہاں جہاں گئے،وہ لوکیشنز ہم نے ٹریس کرلی ہیں اور جلد ہی اُنہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

فیصل کامران نے بتایا کہ لاہور میں ان سے مذاکرات ہوئے اور انہیں منع کیاگیا اور کہا گیاکہ آپ یہیں پر محدود احتجاج کرلیں لیکن انہوں نے اسلام آباد میں امریکی قونصلیٹ جانے پر اصرار کیا۔

 

ڈی آئی جی کے مطابق شاہدرہ پل پر مظاہرین نے براہ راست پولیس پر فائرنگ کی، عوامی املاک پر قبضے کیے گئے،گاڑیاں چھینی گئیں،کنٹینرز لگاکر سڑکیں بند کی گئیں اور اپنے گرد حصار بنالیا گیا۔پرتشدد احتجاج میں اب تک 60 پولیس اہلکار مستقل طور پر معذور ہوچکے ہیں۔اس بار پنجاب پولیس نے محدود کارروائی کے ذریعے دھرنا ختم کیا۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ ایک مذہبی جماعت ہے لیکن اس کے بیانات میں بے بنیاد دعوے شامل ہیں اور سوشل میڈیا پر اموات کے اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر دکھایا جارہا ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ پولیس کو خدشہ تھا کہ گرفتار ہونے کی صورت میں انہیں مظاہرین کی طرف سے تشدد کا نشانہ بنایاجائے گا اور بعد ازاں انہیں عام معافی مل جائے گی، لیکن ریاست کا عزم اس دفعہ واضح ہے ،یہ انتشار ختم کیا جائے گا۔

 

 

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!