سیف علی خان کی وراثتی جائیداد دشمن کی پراپرٹی قرار

بھارت کی ہائیکورٹ نے بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی خاندانی جائیداد کو اینیمی پراپرٹی (دشمن کی جائیداد)قرار دے دیا۔
مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی خاندانی جائیداد کو بھارتی حکومت کی جانب سے "اینیمی پراپرٹی” قرار دینے کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی وراثتی ملکیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد سیف علی خان اپنے پٹودی خاندان کی ہزاروں کروڑ روپے مالیت کی جائیداد سے محروم ہو سکتے ہیں۔
2014میں بھارتی حکومت کے اینیمی پراپرٹی نگران محکمے نے ایک نوٹس جاری کر کے پٹودی خاندان کی بھوپال میں موجود جائیدادوں کو دشمن کی ملکیت قرار دیتے ہوئے ضبط کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایک سال بعد، سیف علی خان نے اس نوٹس کے خلاف عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کر لیا تھا، تاہم اب ہائیکورٹ نے حکومتی مؤقف کو درست قرار دے دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، بھوپال میں واقع خاندانی جائیدادیں، جن میں فلیگ اسٹاف ہاؤس، نورالصباح پیلس، دارالسلام، حبیبی کا بنگلہ، احمد آباد پیلس اور کوہیفزہ پراپرٹی سمیت کئی دیگر اہم املاک شامل ہیں، باضابطہ طور پر اینیمی پراپرٹی تصور کی جائیں گی۔