قوم کو متحد ہو کر آمریت کے اندھیروں کا خاتمہ کرنا ہوگا،بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قوم کو متحد ہو کر آمریت کے اندھیروں کا خاتمہ کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک روشن، پُرامن اور جمہوری پاکستان دیا جا سکے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے 5 جولائی 1977 کے مارشل لا کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس روز عوامی منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا، جس سے ملک کو تاریکیوں میں دھکیل دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 جولائی کو آمریت نے قوم میں نفرت اور تقسیم کے بیج بوئے، جن کے اثرات آج بھی سیاسی، سماجی اور قومی شعور پر نمایاں ہیں۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ نفرت، انتشار اور شخصی اقتدار کی سیاست کو ترک کر کے، اتحاد، برداشت اور آئین کی بالادستی کو اپنایا جائے۔
دوسری جانب، پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے بھی 5 جولائی کو "یومِ سیاہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ المناک دن ہے جب شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب جمہوری حکومت کو برطرف کیا گیا اور عوام کی آواز کو دبایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ایک باوقار، خودمختار اور ایٹمی پاکستان کی بنیاد رکھی، اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، جسے آمریت نے روک دیا۔