ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کے لیے سرفراز احمد کی جانب سے سکواڈ پر مکمل اعتماد

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستانی سکواڈز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

کراچی میں ایک نجی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ "سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنا خوش آئند ہے، امید ہے کہ ان فیصلوں سے ایک نئی اور باصلاحیت ٹیم سامنے آئے گی۔”

 

سرفراز کے مطابق سکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑی  سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز اور حسین طلعت  اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز پاکستان کے حق میں ہوں گی اور خاص طور پر نئے کھلاڑیوں کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔

سابق کپتان نے یو اے ای میں پاکستان کے ماضی کے ریکارڈ کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یو اے ای میں ہماری ٹیم نے ہمیشہ بہتر کارکردگی دکھائی ہے، امید ہے کہ اس بار بھی کھلاڑی قوم کو کامیابی دیں گے۔”

سرفراز احمد نے اوپنر فخر زمان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کی "ریڑھ کی ہڈی” قرار دیا۔

سرفراز احمد نے اولمپک گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ "پاکستان نہ صرف اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرے گا بلکہ سونے کا تمغہ جیت کر واپس آئے گا۔”

 

Back to top button