سعودی عرب کا امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدے کا امکان

عالمی مالیاتی جریدے "فنانشل ٹائمز” نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکا ایک ممکنہ دفاعی معاہدے پر بات کررہے ہیں، جو آئندہ ماہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ممکنہ دورۂ واشنگٹن کے دوران حتمی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگیوں اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون مزید مستحکم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
عالمی مالیاتی جریدے کی رپورٹ میں ٹرمپ انتظامیہ سے وابستہ ایک سابق سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ معاہدے سے متعلق کچھ نکات پر بات چیت جاری ہے،تاہم اس کی مکمل تفصیلات فی الحال منظرعام پر نہیں آئیں۔
جریدے کے مطابق، اس مجوزہ معاہدے میں کچھ نکات ایسے ہوسکتے ہیں جو امریکا اور قطر کے درمیان ہونےوالے دفاعی معاہدے سے مماثلت رکھتے ہوں،جس کے تحت قطر پر کسی بھی بیرونی حملے کو امریکا پر حملہ تصور کیا جائےگا۔
اس بارے میں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ "سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون ہماری مشرق وسطیٰ کی پالیسی کا ایک بنیادی ستون ہے”۔ تاہم تاحال نہ سعودی اور نہ ہی امریکی حکام نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔
