پاک افغان جنگ بندی میں مزید توسیع کا فیصلہ

 

 

افغانستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں عارضی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے دوحہ میں جاری امن مذاکرات کے دوران اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق، جنگ بندی کی مدت کو دوحہ مذاکرات کے اختتام تک بڑھایا گیا ہے، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کل (18 اکتوبر) سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

اس سے قبل سفارتی ذرائع نے بتایا تھاکہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان دوحہ میں آج مذاکرات متوقع تھے۔افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا یعقوب، جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت سینئر سکیورٹی حکام کررہے ہیں۔

تاہم، ذرائع کا کہنا ہےکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے سفری اجازت نہ ملنے کےباعث طالبان حکومت نے اپنے وفد میں تبدیلی کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 15 اکتوبر کو افغان طالبان کی سیز فائر کی درخواست پر 48 گھنٹوں کےلیے عارضی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کےمطابق، شام 6 بجے سے شروع ہونےوالی یہ سیز فائر دونوں اطراف کی درخواست اور باہمی مشاورت سے عمل میں آئی۔ترجمان نے مزید کہاکہ فریقین اس معاملے کا پرامن حل تلاش کرنے کےلیے خلوص نیت سے بات چیت جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب، طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغان فورسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک کوئی جارحیت نہ ہو، سیز فائر کی مکمل پابندی کی جائے۔

 

Back to top button