وزیر اعظم، سعودی ولی عہد کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم

وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا ، جس میں دونوں رہنما ئوں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان . سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، ساتھ ہی دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

القاعدہ رہنما ایمن الظواہری ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے

وزیر اعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم اور پاکستانی قوم کو 75ویں جشن آزادی پر مبارکباد دی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپریل میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جو عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا، اس دورے کا مقصد اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانا اور سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنا تھا، دورے کے اختتام پر سعودی عرب نے موجودہ معاشی بحران پر حکومت کی مدد کے لیے 3 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع پر بات چیت کرنے پر اتفاق کیا تھا، سعودی عرب نے پاکستان کے غیر ملکی ذخائر میں مدد کے لیے گزشتہ سال اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے تھے۔

Back to top button