اسلام آباد ہائیکورٹ نےعطا تارڑکی حفاظتی ضمانت منظورکرلی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کر نے سے روک دیا۔
عدالت عالیہ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے عطا تارڑ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو لیگی رہنما کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ میرے خلاف 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنان پر تشدد کا مقدمہ درج ہے، پولیس نے گرفتاری کے لیے رہائش گاہ پر چھاپا مارا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی نے عدالت سے استدعا کی کہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
خیال رہے کہ لیگی رہنما عطا تارڑ نے لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر تھی۔
اسلام آبادکی عدالت عالیہ نے عطا تارڑ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے 14 روز کے لیے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
