ایران اور بین الاقوامی برادری کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے : سعودی وزیر خارجہ

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ ایران اور بین الاقوامی برادری کے درمیان فوری طور پر مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے اور تمام فریقین فوجی کارروائیاں روک کر کشیدگی میں کمی لائیں تاکہ خطے کو مزید بدامنی سے بچایا جاسکے۔

ترکیے کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) وزرائے خارجہ کے 51 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا کہ سعودی عرب فلسطینی مسئلے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے،انسانی بحران کے سدباب اور عرب و اسلامی دنیا کے مشترکہ مؤقف کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھےہوئے ہے۔

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایک مرتبہ پھر اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ فلسطین کی 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور انہیں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور ایران کی خود مختاری و سلامتی پر حملہ قراردیا۔ انہوں نےکہا کہ یہ حملے پورے خطے کی سلامتی اور استحکام کےلیے خطرہ ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور بین الاقوامی برادری کے درمیان فوری طور پر مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے اور تمام فریقین فوجی کارروائیاں روک کر کشیدگی میں کمی لائیں تاکہ خطے کو مزید بدامنی سے بچایا جاسکے۔

Back to top button