لاہور کے سکول یکم ستمبر سے کھلیں گے، سیلاب زدہ علاقوں میں تاحال بندش برقرار

گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد لاہور بھر میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے دوبارہ بحال ہونے جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور کے تمام سرکاری اور نجی سکول یکم ستمبر 2025 سے دوبارہ کھل جائیں گے۔ تاہم، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے فی الحال بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں سیلابی صورتحال اب بھی برقرار ہے، وہاں سکولوں کو بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان علاقوں میں سکولوں کو صرف محکمہ اسکول ایجوکیشن کی واضح اجازت اور ہدایات کے بعد ہی دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
سیلاب زدگان سکولوں میں پناہ گزیں، راوی کے کنارے بستیاں اجڑ گئیں
یہ امر قابل ذکر ہے کہ دریائے راوی میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث لاہور کے کئی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں، جہاں نظامِ زندگی متاثر ہوا ہے اور بعض اسکول ریلیف کیمپوں میں تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
ضلعی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر انحصار کریں اور سکول کھلنے یا بند رہنے کے حوالے سے جھوٹی یا غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔
