سموگ کے باعث پنجاب میں سکول صبح 8:45 سے پہلے کھلنے پر پابندی عائد

محکمہ ماحولیات پنجاب نے صوبے میں بڑھتی ہوئی سموگ کے پیشِ نظر تمام سرکاری و نجی سکولوں کے صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے کھلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جس کے باعث صوبے بھر کے سکول، کالجز اور سپیشل ایجوکیشن سینٹرز صبح 8:45 سے قبل نہیں کھولے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ کی صحت کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے اور یہ حکم نامہ 3 نومبر 2025 سے 31 جنوری 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں پر پہلی بار ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں چھ لاکھ سے دس لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کو اسموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
