ایس سی او اجلاس : بلوچستان میں دہشتگردی کی مذمت ، بھارت پہلگام معاملہ اٹھانے میں ناکام

شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے دفاع اجلاس میں پاکستان نے سفارتی سطح پر اہم کامیابی حاصل کی، جبکہ بھارت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
چین کے مشرقی ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں منعقد ہونے والے SCO اجلاس میں بھارت کی یہ کوشش ناکام ہوگئی کہ پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑا جائے۔ بھارتی وفد نے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کی مذمت شامل کروانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن رکن ممالک نے بھارتی مؤقف کو مسترد کر دیا، جس پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اعلامیے پر دستخط سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی وفد اجلاس میں مسلسل پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف زبان شامل کرنے کے لیے دباؤ ڈالتا رہا، تاہم کوئی ملک اس مؤقف کی حمایت پر آمادہ نہ ہوا۔ اس کے برعکس، مشترکہ اعلامیے میں بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت شامل کی گئی، جسے پاکستان کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں ایران، روس، پاکستان، بیلاروس اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے دفاع نے شرکت کی۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد ہوا جب مشرق وسطیٰ میں ایران-اسرائیل تنازع کے بعد سیزفائر نافذ ہے، اور یورپ میں نیٹو ممالک نے دفاعی اخراجات میں اضافے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایران سے یکجہتی پر پاکستان کے بے حد مشکور ہیں ، ایرانی سفیر
چینی وزیر دفاع ڈونگ جون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا شدید افراتفری اور عدم استحکام کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا یک طرفہ پالیسیاں، دھونس، جارحیت اور تسلط پسندی جیسے رجحانات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ہمیں پرامن ترقی کے ماحول کے لیے مل کر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔”
روسی وزیر دفاع اندری بلیوسوف نے اجلاس کے موقع پر ڈونگ جون سے ملاقات میں چین-روس تعلقات کو "تاریخی طور پر غیرمعمولی” قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک ہر شعبے میں قریبی تعاون کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، اور اب وہ گلوبلائزیشن جو کبھی دنیا کو قریب لاتی تھی، اب سست روی کا شکار ہے۔