ملتان ٹیسٹ : پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 154 رنز پر آؤٹ

دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ویسٹ انڈیز کو 9 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، محمد رضوان 49 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز 163 کے مجموعے پر آل آؤٹ کرنے کے بعد میزبان ٹیم پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن انداز میں کیا، کپتان شان مسعود 15، کامران غلام 16، محمد ہریرہ 9 اور بابر اعظم محض ایک رن بنا کر پویلین لوٹے تاہم پانچویں وکٹ کےلیے سعود شکیل اور محمد رضوان نے 68 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم سعود 32 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ 2، گڈاکیش موتی نے 3  جب کہ جومل واریکن نے 43 رنز کے عوض  4  وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں ویسٹ انڈین بلے باز ایک بار پھر پاکستانی اسپنرز کے جال میں پھنس گئے، نعمان علی کی شاندار ہیٹرک کی بدولت مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نعمان علی ٹیسٹ میں ہیٹرک کرنےوالے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔مہمان ٹیم کی جانب سے کریگ بریتھ ویٹ اور مائیکل لوئس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 8 کے مجموعے پر پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر کاشف علی نے اپنے ہی اوور میں مائیکل لوئس کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری وکٹ ساجد خان نے حاصل کی، انہوں نے عامر جنگو کو اپنا شکار بنایا۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ملتان میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں 127 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے تمام 20 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کی تھیں۔

Back to top button