بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 18 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 18 دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 اکتوبر کو بلوچستان میں دو علیحدہ آپریشنز کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 18 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، کوئٹہ کے علاقے چلتن میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 14 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ادارے کے مطابق، دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا، جہاں فورسز نے دہشتگردوں کے ایک مرکز کو تباہ کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگرد مختلف دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

Back to top button