پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پی ٹی آئی بھی قوم کے ساتھ کھڑی ہے : بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اگر افغانستان نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی عوام کی طرح پی ٹی آئی بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر کوئی ملک پاکستان کے خلاف پراکسی یا براہ راست جنگ چھیڑے گا تو قوم پاکستان کے ہر انچ کا بھرپور دفاع کرے گی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا کہ اگر افغانستان نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہےاور اس کے پاس صلاحیت اور وسائل دونوں موجود ہیں۔جس طرح ہم ماضی میں بھارت کےخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تھے، اگر ایسی صورت حال دوبارہ پیدا ہوئی تو افغانستان کے حوالے سے ہمارا مؤقف بھی مختلف نہیں ہوگا۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پاکستان کے بہترین مفاد میں یہی ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات قائم رکھے،تاہم افغانستان کی صورت حال اب بھی کشیدہ ہے کیونکہ افغان طالبان کی ملک بھر میں مکمل رِٹ قائم نہیں ہوسکی۔
بھارت افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑ رہا ہے : خواجہ آصف
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ امکان ہے ترکیہ میں ہونے والے مذاکرات کامیاب نہ ہوسکیں، مگر پاکستان کو دوبارہ بات چیت کی کوشش کرنی چاہیے جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوجاتا۔دوست ممالک کی مدد سے افغان طالبان کو سمجھانے کی کوشش جاری رہنی چاہیے۔
