سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں : فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد جہنم واصل

سیکیورٹی فورسزکی جانب سےبلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کیے گئے جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی کےعلاقےمچھ میں فتنہ الہند کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، اسی طرح ایک آپریشن کے دوران ضلع قلات میں فتنہ الہند کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سےبتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدارمیں اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کےمطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد فورسز اور عوام پر حملوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے،دونوں علاقوں میں کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
امریکا سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اقدام کا نوٹس لے : بلاول بھٹو
واضح رہےکہ 6 سے 10 مئی کے دوران پاکستان کے ساتھ جنگ میں شکست کے بعد عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنے والےبھارت نے اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے، خصوصاً بلوچستان میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے) کے دہشتگردوں کو فعال کیا۔
ان سفاک دہشتگردوں نےگزشتہ ماہ خضدار میں اسکول کے بچوں کی بس کو بھی حملے کا نشانہ بنایا، جس میں 7 معصوم طالبات اورایک طالب علم شہید ہوا تھا، جس کے بعد قومی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردوں کیخلاف بے رحمانہ کارروائی کرنے کی منظوری دی تھی۔
گزشتہ ہفتے بلوچستان کےضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر حملے کیے تھے، جس کے نتیجےمیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید ہوگئے تھے،دہشت گردوں نے افسران کی رہائش گاہیں نذر آتش کردیں اور بینک کو بھی لوٹ لیا تھا۔