بلوچستان : سیکیورٹی آپریشن میں 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 7 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ایک ہدفی آپریشن تھا، جس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں "فتنہ الہندوستان” کے سات دہشت گرد مارے گئے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند دن قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے نواحی علاقے غزہ بند میں ایک اور آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا تھا۔
