سینیٹر روبینہ عرفان بلوچستان عوامی پارٹی سے مستعفی

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی سینئر رہنما اور سینیٹر روبینہ عرفان نے پارٹی کی خواتین ونگ میں جنرل سیکریٹری منتخب ہونے کے صرف ایک دن بعد بی اے پی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پارٹی صدر نوابزادہ خالد خان مگسی کو دیے گئے اپنے تحریری استعفے میں روبینہ عرفان نے لکھا کہ اگرچہ بی اے پی سے ان کی طویل وابستگی باعثِ فخر رہی، لیکن اب ان کے "ذاتی نظریات اور سوچ” پارٹی کی موجودہ سمت سے مطابقت نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا: "میں اپنے ضمیر کی آواز پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر علیحدگی کا فیصلہ کر رہی ہوں۔” روبینہ عرفان نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی خدمت کسی اور "مناسب پلیٹ فارم” سے جاری رکھیں گی۔
یاد رہے کہ بی اے پی وومن ونگ کے حالیہ انٹرا پارٹی انتخابات میں زبیدہ جلال کو صدر اور روبینہ عرفان کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم، پارٹی ذرائع کے مطابق، عہدیداران کی بلا مقابلہ نامزدگی پر بعض حلقوں میں تحفظات پائے گئے تھے۔
روبینہ عرفان ماضی میں صوبائی وزیر بھی رہ چکی ہیں اور بلوچستان میں خواتین کی نمائندگی کی اہم آواز سمجھی جاتی ہیں۔
