شاہ رخ کی فلمیں کوئی بڑا ایوارڈ جیتنے میں ناکام کیوں رہیں؟

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کی فلمیں ’’پٹھان‘‘، ’’جوان‘‘ رواں برس فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرنے میں ناکام رہیں، فلم فیئر ایوارڈز 2024 میں رنبیر کپور کی فلم ’’انیمل‘‘ اور وکرانت ماسی کی فلم ’’بارہویں فیل‘‘ نمایاں رہیں جس نے اہم ایوارڈز اپنے نام کر کے میدان مار لیا۔بالی وڈ نگری کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے ’’فلم فیئر ایوارڈز‘‘ کا میلہ اتوار کی شب گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر میں سجا، 69ویں فلم فیئر ایوارڈز میں ’’بارہویں فیل‘‘ نے بہترین فلم، بہترین ہدایت کار اور بہترین اداکار کا کریٹکس کے ایوارڈز اپنے نام کیے، رنبیر کپور نے فلم ’’انیمل‘‘ کے لیے بہترین اداکار کا پاپولر ایوارڈ جیتا، اس کے علاوہ ‘انیمل’ کو ٹیکنیکل کیٹیگری میں ایوارڈز ملے۔ودھو ونودھ چوپڑا جہاں ’’بارہویں فیل‘‘ کی وجہ سے 34 برس بعد بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ اپنے نام کر پائے وہیں وہ بہترین ایڈیٹنگ اور بہترین اسکرین پلے کے ایوارڈ کے حق دار بھی قرار پائے گئے، یہ 71 سالہ ودھو ونود چوپڑا کا بطور ہدایت کار دوسرا فلم فیئر ایوارڈ ہے، اس سے قبل انہیں 1990 میں ‘پرندا’ کی ہدایت کاری پر یہ ایوارڈ ملا تھا جس کے بعد وہ مزید دو مرتبہ اس کیٹیگری میں نامزد ہوئے لیکن ایوارڈ نہ جیت سکے۔2023 میں ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ بہترین ہدایت کاری کی ریس میں شامل ہونے کے باوجود ہار گئیں جب کہ سنی دیول کی ہٹ فلم ‘غدر ٹو’ کو ایک بھی ایوارڈ نہ مل سکا۔ رواں برس ہونے والی تقریب میں جہاں کنگ خان شاہ رخ خان کی ‘پٹھان’، ‘جوان’ اور ‘ڈنکی’ متعدد ایوارڈز کی ریس میں شامل تھیں وہیں رنبیر کپور کی ‘انیمل’، سنی دیول کی ‘غدر ٹو’ اور وکی کوشل کی ‘سیم بہادر’ بھی متعدد کیٹیگریز میں نامزد تھیں۔ انیمل کے لیے اداکار رنبیر کپور کو بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا جب کہ فلم کو بہترین بیک گراؤنڈ اسکور، بہترین ساؤنڈ ڈیزائن کے ساتھ ساتھ بہترین موسیقار، بہترین گلوکار اور آر ڈی برمن کا اسپیشل ایوارڈ بھی ملا، انیمل کے گانے ‘ارجن ویلی’ کے لیے بھوپیندر ببل نے پہلا فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ اس کیٹیگری میں ان کا مقابلہ سونو نگم، اریجیت سنگھ اور شاہد ملیا جیسے گلوکاروں سے تھا۔اسی فلم کے ایک اور گانے ’’سترنگا گانے‘‘ پر شریاس پرانک کو ’’آر ڈی برمن‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا جو سال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے نئے موسیقار یا گلوکار کو دیا جاتا ہے، رنبیر کپور کی طرح ان کی اہلیہ عالیہ بھٹ کو فلم ‘روکی اور رانی کی پریم کہانی’ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا، اس کیٹگری میں ان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون، کیارا اڈوانی، تاپسی پنوں اور رانی مکھرجی مدِ مقابل تھیں۔

Back to top button