عیدالفطر کے موقع پر قوم کومبارکباد

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ عید الفطرکے اس بابرکت موقع پر رمضان المبارک کے ہمارے روزے اور عبادتیں قبول فرمائے۔ اللہ تعالی ملک پاکستان کو ترقی، خوشحالی ، امن اور استحکام عطا فرمائے۔ پاکستانی قوم کو امن، عافیت اور فراوانی عطا فرما کر اس کے دکھوں اور تکلیفوں کا مداوا فرمائے۔

عارف علوی نے کہا کہ میں اللہ تعالی کے حضور دعاگو ہوں کہ یہ عید ہمارے لیے امن وسلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے اور ملکِ پاکستان کو ترقی ، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے۔ رمضان المبارک ہمارے اندر جہاں تقویٰ اور پرہیزگاری پیدا کرتا ہے وہیں پر دوسروں کی تکلیف، بھوک اور پریشانی کا احساس بھی پیدا کرتا ہے ۔ یہ احساس کسی بھی معاشرے سے غربت اور ناانصافی کے خاتمے کی بنیاد بن سکتا ہے، میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو لڑائی جھگڑے اور نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں اور ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کی جانب لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے، ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کا شکار ہیں، اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہرممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں اور عبادات الہی اللہ سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جو جذبہ پیدا ہوا ہے، عیدالفطر اس کے عملی اظہار کا بھی ایک موقع ہے، اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں،ہم وطنوں سے گزارش ہے کہ عید کے موقع پر سیلاب متاثرین کو نہ بھولیں، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

وزیراعظم نے کہا نے کہا کہ ہم اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے، آمین ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ان کے پیاروں کی جدائی کے غم میں ان سے ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت ، پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں، آمین ۔

مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف کی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد

Back to top button