آشیانہ ریفرنس،شہبازشریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاوسنگ سوسائٹی ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کی درخواستِ بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔عدالت کی جانب سے محفوظ کیا گیا فیصلہ 7 نومبر کو سنایا جائے گا۔ دریں اثنا احتساب عدالت نے نگراں وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کرلی۔
احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے سابق وزیراعظم شہبازشریف سمیت دیگر ملزمان کیخلاف آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت کی، جس میں نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ریکارڈ کے مطابق ملزمان پر جرم ثابت ہونے کا امکان نہیں ۔ انویسٹی گیشن رپورٹ کی فائنڈنگز سے اتفاق کرتا ہوں۔سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا کہ نگراں وزیر اعظم کا مشیر ہوں آفیشل ذمے داریوں کے لیے اسلام آباد میں موجود ہوں، اس لیے احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا۔ عدالت حاضری کی درخواست منظور کرے۔
ملزم منیر ضیا کے وکیل نے بریت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کا ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے۔ آشیانہ میں بڈنگ کا پراسس شفاف طریقے سے ہوا تھا۔ عدالت ملزم کی بریت کی درخواست منظور کرے۔
