شیخ رشید، آصف زرداری پر الزامات کے مقدمے میں گرفتار

سابق صدر آصف زرداری پر الزامات عائد کرنے کے خلاف مقدمہ میں پنجاب پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو گرفتار کر لیا۔شیخ رشید کو جسمانی ریمانڈ کیلئے آج کچھ دیر بعد عدالت لے جایا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو گرفتار کرکے اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم انھیں کہاں سے گرفتار کیا گیا، اس بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات گرفتار ہونے والے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو آج جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی غرض سے عدالت میں پیش کیا جائے گا، شیخ رشید کی گرفتاری کے بعد اُن کے وکیل نے اسلام آباد پولیس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گرفتاری کے بعد نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ 100-200 لوگ سیڑھیاں لگا کر دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں اور بدتمیزی کی ہے، تمام ملازمین کو مارا ہے اور مجھے زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے آئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہی میاں طاہر نے میری ضمانت لی۔ شیخ رشید نے الزام لگایا کہ ’یہ سب کچھ مسلم لیگ ن اور رانا ثنا اللہ کے کہنے پر ہو رہا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے شیخ رشید کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری تاریخ میں کبھی بھی الیکشن کمیشن کی طرف سے اتنی متعصب، انتقام لینے والی نگران حکومت نہیں آئی۔
