دفتر خارجہ کا گستاخانہ بیان پر بھارتی ناظم الامور سے احتجاج

بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان کی جانب سے نبی کریمﷺکی شان میں گستاخانہ بیان پربھارتی ناظم الامورکودفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے بیان میں بتایا گیا ہے کہ نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی پربھارتی ناظم الامورکو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا اورانہیں بتایا گیا کہ بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
دفترخارجہ کے بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامورکو بتایا گیا کہ توہین آمیز بیانات سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔بھارتی حکومت ان رہنماوں کے خلاف فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد اورنفرت میں خطرناک حد تک اضافے پرتشویش ہے۔مسلمانوں کے خلاف جذبات بھڑکانا ان کو صدیوں پرانی عبادت گاہوں سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔ بھارت اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔
اس کے علاوہ بیان میں پاکستان نے اقوام متحدہ ، او آئی سی اورعالمی برادری سے بھارت میں خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے ہندوتوا اوراسلاموفوبیا کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
