زرداری کا محسن نقوی کے بطور نگران وزیر اعلیٰ تقرر کا خیر مقدم

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے الیکشن کمیشن کی جانب محسن نقوی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو بھیجے گئےچار ناموں میں سے محسن نقوی بہترین انتخاب ہے۔
ایک بیان میں انکا کہنا تھا الیکشن کمیشن کی جانب محسن نقوی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری کا خیر مقدم کرتے ہیں،محسن نقوی نے کھبی الیکشن لڑا، نہ کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ بنے،ایک سیلف میڈ انسان ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں کمیشن سیکریٹریٹ میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے خصوصی اجلاس میں آج مورخہ22جنوری 2023 کو ایک میڈیا چینل کے مالک محسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر کیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی اور تحریک انصا ف کے رہنما فواد چوہدری نے محسن رضا نقوی کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کو سپریم کورٹ چلینج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے والے سید محسن نقوی سینئر صحافی اور ایک میڈیا گروپ کے مالک ہیں اور ماضی میں طویل عرصہ تک معروف امریکی ادارے سی این این سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ محسن نقوی کا بطور صحافی نہ صرف آصف علی زرداری اور نواز شریف بلکہ مولانا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھی ذاتی تعلق ہے۔
گجرات کا چوہدری خاندان محسن نقوی کا سسرال ہے لیکن وہ پرویز الٰہی کی بجائے چوہدری شجاعت حسین کے زیادہ قریب تصور کیے جاتے ہیں، ان کی اہلیہ وردہ نقوی ڈاکٹر ہیں اور چودھری پرویز الٰہی کی بھانجی ہیں۔
