چیئرمین نیب آفتاب سلطان اپنے عہدے سے مستعفی

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) آفتاب سلطان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ وہ اس ماحول میں کام نہیں کرسکتے، ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کے مطابق آفتاب سلطان نے کسی کی خواہش پر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا، وہ نہیں چاہتے تھے کہ وہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی طرح کا کردار ادا کریں۔

ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان پرکچھ گرفتاریوں کے لیے دباؤ تھا لیکن انہوں نے گرفتاریوں سے انکار کر دیا، سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ دن پہلے استعفیٰ دیا تھا، مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔

آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے بتایا کہ میں شرائط کےساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا، میرا استعفیٰ قبول کر لیا گیا ہے، ہمارا اختتام اچھے موڑ پر ہوا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا، میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے آفیسر ہیں، آفتاب سلطان ڈی جی آئی بی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے۔

آفتاب سلطان نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جولائی 2022 کو نیب کی سربراہی سنبھالی تھی۔

اب پسپائی کس کی؟

Related Articles

Back to top button