کشمیر میں میچ فکس کرکے جیتنے والے ہمیں عوامی مینڈیٹ کا درس نہ دیں، پلوشہ خان

پیپلز پارٹی کی سینیٹر کا انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار، بار بار ری پولنگ اور دھاندلی کی کوششوں کا الزام، شکایات ثبوت کے ساتھ جمع کرانے کا دعویٰ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں مبینہ طور پر میچ فکس کرکے کامیابی حاصل کرنے والے ہمیں عوامی مینڈیٹ کا درس نہ دیں۔

اپنے ایک بیان میں پلوشہ خان نے الزام عائد کیا کہ کشمیر میں بار بار ری پولنگ کرا کر انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے اور دھاندلی کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق اپنی شکایات ثبوت کے ساتھ متعلقہ حکام کے سامنے جمع کرادی ہیں۔

پلوشہ خان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار اپنے ہی حلقوں میں جانے کی پوزیشن میں نہیں، جو ان کے بقول زمینی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے پنجاب کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پورا پنجاب نہیں اور صوبائی حالات کا اندازہ لگانے کے لیے لاہور سے باہر کی صورتحال بھی دیکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے عوام سی سی ڈی کے خوف کا شکار ہیں اور واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کشمیر کو سی سی ڈی کے حوالے نہیں ہونے دے گی۔

Back to top button