ایران عسکری اور سیاسی محاذوں پر فاتح بن کر ابھرا ہے، باقر قالیباف
ایرانی پارلیمان کے اسپیکر کا کہنا ہے کہ تہران امریکا اور اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کا مقابلہ کررہا ہے، ایرانی مسلح افواج نے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کردیا

تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران موجودہ تنازع میں عسکری اور سیاسی دونوں محاذوں پر فاتح بن کر ابھرا ہے۔
اپنے ایک بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی غیرمنصفانہ جنگ کا سامنا کررہا ہے، تاہم ایرانی قوم پوری بہادری اور وقار کے ساتھ اس صورتحال کا مقابلہ کررہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے جنگ کے عسکری اور سیاسی محاذوں پر برتری حاصل کی ہے اور قوم نے مشکل حالات میں بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس سے قبل ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے خلاف اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گا جب تک اسے مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوجاتی۔
ایرانی فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ مزاحمت کی روایت نئی نسل تک منتقل ہوچکی ہے اور نوجوانوں نے طاقتور مخالف افواج کے سامنے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایرانی مسلح افواج نے مزید کہا کہ ملک اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا اور دشمن کے ہتھیار ڈالنے تک اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
بیان میں امریکا پر خطے میں غلبہ حاصل کرنے کے لیے جارحانہ پالیسی اختیار کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔
