پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنے کا اعلان، گورنر ہاؤس جانے والے راستے بند

کراچی میں احتجاج سے قبل فوارہ چوک اور پولو گراؤنڈ سے گورنر ہاؤس کی جانب جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے، جماعت اسلامی کا دھرنا ہر صورت دینے کا اعلان

کراچی (نیوز ڈیسک) پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنے کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے گورنر ہاؤس جانے والے اہم راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جماعت اسلامی کراچی نے پیٹرولیم لیوی میں کمی نہ کیے جانے کے خلاف گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ فوارہ چوک اور پولو گراؤنڈ سے گورنر ہاؤس کی طرف جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنا ہر صورت دیا جائے گا اور راستے بند کیے جانے سے احتجاج کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کھڑی کی جانے والی کوئی بھی رکاوٹ جماعت اسلامی کو احتجاج سے نہیں روک سکتی۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں مقررہ ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ وصول کرچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے کے باعث حکومت نے پیٹرولیم لیوی کو آمدن بڑھانے کے ایک اہم ذریعے کے طور پر استعمال کیا ہے۔

جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کے ذریعے مزید مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی میں کمی کی جائے۔

پارٹی نے واضح کیا ہے کہ مطالبات منظور ہونے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Back to top button