کرپشن الزامات کے بعد 75 سالہ بھارتی سیاستدان اشیش بینرجی کی مبینہ خودکشی

ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور مغربی بنگال کے سابق وزیر کی لاش پارٹی دفتر سے ملی، مبینہ نوٹ میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزامات سے لاتعلقی کا اظہار

بیربھوم (نیوز ڈیسک) بھارت میں ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور مغربی بنگال کے سابق وزیر 75 سالہ اشیش بینرجی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، ان کی لاش اتوار کی صبح بیربھوم ضلع میں ان کی رہائش گاہ کے قریب واقع پارٹی دفتر سے ملی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اشیش بینرجی مغربی بنگال اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر بھی رہ چکے تھے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک مبینہ نوٹ بھی ملا ہے جس میں انہوں نے اپنے خلاف کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا۔

مبینہ نوٹ میں اشیش بینرجی نے تاراپیت رام پورہاٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹی آر ڈی اے) سے متعلق الزامات کا ذکر کیا، جہاں وہ ماضی میں چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔

انہوں نے نوٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ ٹی آر ڈی اے میں ٹینڈرز سے متعلق فیصلوں، چیک جاری کرنے، تعمیراتی منصوبوں کی منظوری یا این او سی کے اجرا میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔

اشیش بینرجی نے مبینہ طور پر لکھا کہ ساڑھے تین سال کے دوران ٹی آر ڈی اے کی کوئی فائل ان کے سامنے پیش نہیں کی گئی، نہ وہ ٹینڈر کمیٹی کا حصہ تھے اور نہ ہی انہیں چیک پر دستخط کرنے کا اختیار حاصل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کسی منصوبے کی منظوری یا این او سی جاری نہیں کیا اور ان معاملات میں ان سے کسی قسم کی مشاورت بھی نہیں کی گئی۔

اشیش بینرجی کی موت کے بعد ترنمول کانگریس کی جانب سے سیاسی ردعمل سامنے آیا ہے، جبکہ پولیس واقعے اور جائے وقوعہ سے ملنے والے مبینہ نوٹ کے مندرجات کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

Back to top button